سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا) میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی کو خودکش حملے سے قبل ہی تباہ کر دیا، جس سے شہری آبادی کو ممکنہ بڑے سانحے سے محفوظ بنا لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کو ایک بڑے دہشتگرد حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا۔ فورسز نے انتہائی احتیاط اور پیشہ ورانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کارروائی اس وقت کی جب گاڑی آبادی سے دور پہنچ گئی، تاکہ شہریوں کی جان و مال کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکار مسلسل تین روز تک مشتبہ گاڑی کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ مناسب موقع ملنے پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں بارودی مواد سے بھری گاڑی اور ایک موٹر سائیکل تباہ ہو گئی۔ کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ایسی کامیاب کارروائیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔
