نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں پاکستان اور بینک کے درمیان جاری تعاون اور اہم ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینٹرل اینڈ ویسٹ ایشیا ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل لیا گوٹیریز نے اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے بینک کی وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
دورے کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک میں پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نشیطہ محسن کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں بینک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ماہرین نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ترقیاتی ایجنڈے، پاکستان کے ساتھ شراکت داری، مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور بینک کے اہداف کے حصول میں پاکستانی ماہرین کے کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اسحاق ڈار نے بینک میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مہارت اور قیادت پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے نشیطہ محسن کو ایشیائی ترقیاتی بینک میں پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم نے مین لائن ون (ML-1) ریلوے منصوبے کو وزیراعظم شہباز شریف کی ترجیح قرار دیتے ہوئے اس منصوبے کی جلد منظوری اور مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایم ایل ون کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون کو سراہا اور اس تعاون کو مزید تیز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کے ریلوے نظام کی جدیدکاری اور پائیدار اقتصادی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
