لاہور/گجرانوالہ: پنجاب کے مختلف شہروں، خصوصاً لاہور اور گجرانوالہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ متعدد اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سلسلہ آج سے 5 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش برسا سکتا ہے۔ لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی بارش صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہی، جس سے موسم خوشگوار اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں متوقع بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لاہور میں واسا حکام نے بارش شروع ہوتے ہی نکاسی آب کے لیے عملے کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 44 ملی میٹر بارش مغل پورہ میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ تاج پورہ میں 38.6، جوہر ٹاؤن میں 26.8، چوک ناخدا میں 20.2، پانی والا تالاب میں 19.8، لکشمی چوک میں 15.8، مناواں میں 13.2، شادی پورہ میں 7.4، نشتر ٹاؤن میں 4.4، اپر مال میں 1.8، فرخ آباد میں ایک اور سگیاں میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی برقرار ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران رفتار معتدل رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
گجرانوالہ
گجرانوالہ اور گردونواح میں رات سے شروع ہونے والی شدید بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔ انڈر پاسز میں پانی بھرنے سے ٹریفک معطل ہو گئی جبکہ کئی اہم سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہوئی۔
سول اسپتال روڈ، سیالکوٹ روڈ، کمشنر روڈ، ڈی سی روڈ، پسرور روڈ، گل روڈ، مین جی ٹی روڈ، حافظ آباد روڈ، ماڈل ٹاؤن اور پیپلز کالونی سمیت مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مطابق شہر میں اوسطاً 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ 171 ملی میٹر بارش پیپلز کالونی میں ہوئی۔ اس کے علاوہ نوشہرہ روڈ پر 151، سیٹلائٹ ٹاؤن میں 150، عالم چوک میں 149، کھیالی میں 142 اور راجکوٹ میں 77 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ
سیالکوٹ میں دو گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے بعد کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ دارا ارائیاں اور ملحقہ علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
تیز بارش کے باعث متعدد گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوگیا، جبکہ شہریوں نے نکاسی آب کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائی سست ہونے کی شکایت بھی کی۔