اسلام آباد: وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں سے آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ قومی اہمیت کے دیگر امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔