پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کا پہلا اجلاس آج استنبول میں
استنبول: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد پہلا اہم اجلاس آج ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق استنبول میں ہونے والی ملاقات کے دوران تینوں ممالک کے درمیان طے پانے والے دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اسحاق ڈار کی استنبول آمد پر ترک حکام، پاکستان کے سفیر اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے انتظامی امور بریگیڈیئر جنرل شنول وارول، پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترک وزارت خارجہ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ترکیہ پہنچنے کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے امن، سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعا کی، جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
دورۂ ترکیہ کے دوران اسحاق ڈار کی اہم سرکاری ملاقاتیں اور دیگر سفارتی سرگرمیاں بھی متوقع ہیں۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ ترک حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے استنبول اجلاس کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس میں تینوں ممالک کے درمیان مستقبل کے دفاعی روابط اور باہمی تعاون کی سمت پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
