راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں مختلف اوقات کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 6 گھنٹے تک بجلی کی بندش رپورٹ ہوئی ہے۔
اس حوالے سے آئیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن میں بجلی کی موجودہ طلب تقریباً 2 ہزار میگاواٹ ہے، جبکہ نیشنل گرڈ سے آئیسکو کو 1600 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے۔
ترجمان کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، تاہم کسی بھی فیڈر پر 24 گھنٹوں کے دوران ڈھائی گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔
آئیسکو کا کہنا ہے کہ طلب کے مطابق بجلی کا کوٹہ دستیاب ہوتے ہی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی۔ انفرادی اور ٹرانسفارمر سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے شکایتی عملہ بھی متحرک ہے۔
آئیسکو نے بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل پر صارفین سے معذرت کرتے ہوئے تعاون کی اپیل کی ہے۔
