خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان کے خلاف مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرتے ہوئے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی ارکان نے مریم نواز کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجلاس کے آغاز پر وزیر قانون نے معمول کا ایجنڈا معطل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر بحث کی اجازت طلب کی، جسے ایوان نے منظور کرلیا۔
صوبائی وزرا اور حکومتی ارکان کا مؤقف تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گردی سے جوڑنا نامناسب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی متعدد سیاسی شخصیات کو پنجاب میں نشانہ بنایا گیا، اس لیے کسی ایک صوبے کو دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد نے کہا کہ مریم نواز کا بیان توہین آمیز اور حقائق کے منافی ہے۔ ان کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملوں کے تناظر میں ایسے بیانات بھارت کو کلین چٹ دینے کے مترادف ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ارکان نے حکومتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے۔
