سوات (ڈسٹرکٹ نیوز): تحصیل کبل بازار میں گھریلو ناچاقی کے دوران مبینہ طور پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ بعد ازاں اس کے بیٹے نے بھی مبینہ طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
پولیس کے مطابق عدنان نامی نوجوان نے گھریلو تنازع کے دوران اپنے والد بخت کرم پر فائرنگ کردی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے کچھ ہی دیر بعد عدنان نے بھی مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کی وجوہات جاننے اور دیگر شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
