لاہور: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور برطانیہ کے ریڈار سسٹم میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث پاکستان سے بیرون ملک پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے 41 بین الاقوامی پروازیں منسوخ جبکہ 30 پروازیں تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور ترکیہ کے لیے آپریٹ ہونے والی پروازیں شامل ہیں۔ لاہور ایئرپورٹ سے 10، اسلام آباد سے 9 اور کراچی سے 14 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ملتان اور پشاور ایئرپورٹس سے بھی مجموعی طور پر 4 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
لاہور ایئرپورٹ سے مدینہ منورہ، جدہ، ریاض، دبئی، شارجہ، قطر، ترکیہ اور لندن جانے والی متعدد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق 15 پروازوں کی روانگی میں تقریباً 3 سے 7 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
پروازوں کی منسوخی اور طویل تاخیر کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹس پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنی پروازوں کے حوالے سے نئی معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کرنا پڑا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کی بڑی وجوہات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدہ حالات اور برطانیہ کے فضائی نگرانی کے ریڈار نظام میں آنے والی خرابی شامل ہیں، جس کے اثرات بین الاقوامی فضائی آپریشنز پر بھی پڑے ہیں۔
