اسلام آباد کے علاقے 26 نمبر چونگی کے قریب غیر قانونی طور پر پٹرول لے جانے والی ایک سوزوکی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ لگتے ہی گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ڈی اے فائر اینڈ ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث کسی بڑے جانی یا مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق گاڑی میں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے پٹرول منتقل کیا جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ شہریوں نے غیر قانونی طور پر آتش گیر مادوں کی نقل و حمل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
