یلو لائن کرپشن کیس: ضمیر عباسی کی ضمانت منظور، ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے یلو لائن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے مقدمے میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت پر رہا کرنے کی اجازت دے دی۔
سندھ ہائیکورٹ نے ضمیر عباسی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کردی، جس کے باعث مقدمے کے دوران ان کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد رہے گی۔
واضح رہے کہ ضمیر عباسی کے خلاف یلو لائن منصوبے میں تقریباً ساڑھے 8 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں۔ مقدمے میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔
