منی پور میں ایک بار پھر کشیدگی، دو خواتین کے قتل کے بعد مکانات نذرِ آتش
بھارتی ریاست منی پور میں میتی اور کوکی برادریوں کے درمیان جاری تنازع کے دوران ایک مرتبہ پھر تشدد کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جہاں دو کوکی خواتین کے قتل کے بعد مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ اور گھروں کو آگ لگانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی جریدے دکن ہیرالڈ کے مطابق تازہ واقعے میں مسلح افراد نے دو مکانات کو آگ لگا دی جبکہ علاقے میں کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
مقامی افراد کے مطابق مسلح جھڑپ کے دوران تقریباً چھ گھنٹے تک وقفے وقفے سے فائرنگ ہوتی رہی۔ تازہ کشیدگی کے بعد بعض دیہات سے متعدد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
منی پور میں میتی اور کوکی برادریوں کے درمیان تنازع کے باعث طویل عرصے سے حالات کشیدہ ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک کم از کم 306 افراد ہلاک، 49 لاپتہ جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔
تازہ واقعات نے ریاست میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ صورتحال پر نظر رکھنے والے حلقوں کی جانب سے تشدد کے خاتمے اور متاثرہ آبادی کے تحفظ پر زور دیا جا رہا ہے۔
