مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ، پاکستان سے پہلے سیکریٹری جنرل کی تقرری کا اعلان
اسلام آباد: مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت قائم ہونے والے اتحاد کے پہلے سیکریٹری جنرل کے طور پر پاکستان سے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود کی تقرری کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت قائم ہونے والے جنرل سیکریٹریٹ کی قیادت کریں گے۔
مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ معاہدے کے سیکریٹریٹ کا قیام سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عمل میں لایا جائے گا۔
تینوں ممالک کے درمیان 31 اگست کو استنبول میں اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں معاہدے کے تحت تعاون کو مزید منظم کرنے اور سیکریٹریٹ قائم کرنے سے متعلق فیصلے کیے گئے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں سیکریٹریٹ کی سربراہی پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیکریٹری جنرل کو تین سال کے لیے سونپی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت تینوں ممالک نے دفاعی تعاون اور مشترکہ سیکیورٹی سے متعلق امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
