اسلام آباد: پاکستان کے سرکاری قرضوں میں گزشتہ 10 سال کے دوران 340 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جون 2016 سے جون 2026 تک سرکاری قرضوں میں مجموعی طور پر 67 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک سرکاری قرضوں کا حجم 86 ہزار 700 ارب روپے تک پہنچ گیا، جس میں 59 ہزار 400 ارب روپے مقامی جبکہ 27 ہزار 300 ارب روپے غیر ملکی قرضہ شامل ہے۔
جون 2016 میں مجموعی سرکاری قرضہ 19 ہزار 700 ارب روپے تھا، جس میں 13 ہزار 600 ارب روپے مقامی اور 6 ہزار 100 ارب روپے غیر ملکی قرضہ تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جون 2017 میں قرضہ 21 ہزار 400 ارب، جون 2018 میں 24 ہزار 900 ارب، جون 2019 میں 32 ہزار 700 ارب اور جون 2020 میں 36 ہزار 400 ارب روپے ہوگیا۔
جون 2021 تک مجموعی سرکاری قرضہ 39 ہزار 900 ارب روپے تھا جو جون 2026 میں بڑھ کر 86 ہزار 700 ارب روپے ہوگیا۔
