متحدہ عرب امارات میں فلائی دبئی کی اسرائیل جانے والی پرواز کے دوران مبینہ طور پر طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے عمانی شریک پائلٹ حمام الحَمّامی کے خلاف سخت ترین سزا پر غور کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اماراتی حکام واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی کے طور پر دیکھتے ہوئے تحقیقات کررہے ہیں اور شریک پائلٹ کو ممکنہ طور پر سزائے موت دی جاسکتی ہے۔
تاہم اس حوالے سے حتمی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعہ 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آیا۔ اماراتی حکام کے مطابق شریک پائلٹ نے کاک پٹ میں موجود ہنگامی کلہاڑی سے کپتان پر حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔
واقعے کے دوران طیارہ اچانک نیچے آیا تاہم کپتان اور مسافروں کی مداخلت سے شریک پائلٹ کو قابو کرلیا گیا۔ بعد ازاں طیارے نے سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
اماراتی پراسیکیوٹر کے مطابق واقعے کی تحقیقات میں حملے کی وجہ، ممکنہ منصوبہ بندی اور کسی دوسرے فرد یا گروہ کے ملوث ہونے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
