ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سات نکات پر مذاکرات جاری ہیں اور امریکا نے ایران کی جانب سے پیش کیے گئے نکات پر اپنا مؤقف بھی سامنے رکھ دیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطے پاکستان کی ثالثی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق فریقین کے درمیان مفاہمتی یادداشت پہلے سے موجود ہے اور زیرِ بحث بعض نکات اس سے مطابقت رکھتے ہیں۔
سجاد حیدر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور دیگر اہم ممالک تنازع کے حل کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ کشیدگی کم ہو اور معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضرورت پڑنے پر پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ ثالثی کے لیے تیار ہے۔
