بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی میں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
