راولپنڈی: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا سکی۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ چمندو وکرماسنگھے نے 29، کمنڈو مینڈس نے 23 اور سِنیتھ جایا وردنا نے 22 رنز بنائے۔ داسن شناکا اور کپتان کوشل مینڈس نو، نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ لہیرو اُڈارا نے پانچ رنز بنائے اور ساہان آرکاچگے کوئی رن نہ بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمرا نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ معاذ صداقت 96 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان صاحبزادہ فرحان نے 73 اور فخر زمان نے 22 رنز اسکور کیے۔ حسن نواز 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا، ایشان ملنگا اور مہیش ٹھیکشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے شاندار بیٹنگ اور مؤثر باؤلنگ کی بدولت نہ صرف دوسرا میچ جیتا بلکہ سیریز بھی اپنے نام کرلی
