کوئٹہ (ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پاک فوج کے ایوی ایشن کے تربیتی طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں دو پائلٹس کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس غم کی گھڑی میں شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
