آزاد کشمیر کے با صلاحیت اور مستحق نوجوانوں کو وظائف دیں گے ، وزیراعظم افتخار گیلانی
آباد ( ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت لائیوسٹاک، زراعت، سیاحت، نرسنگ اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کے فروغ کے لیے اقدامات کرے گی، نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرکے نہ صرف بے روزگاری پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے مواقع بھی میسر آسکتے ہیں۔ آزادکشمیر کے باصلاحیت و مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کریں گے تاکہ کوئی بچہ مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔ وزیراعظم افتخار گیلانی وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیر اہتمام پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم افتخار گیلانی کو پاکستان انڈوومنٹ فنڈ کے حکام کی جانب سے اسکالرشپس، زراعت، لائیو سٹاک، ایکو ٹورازم، فارمنگ سمیت دیگر شعبہ جات میں خدمات کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی سی ای او سیدہ حاجرہ سہیل، سیکرٹری مراد شعیب اور سکالر شپس منیجر عطا الرحمن نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید بھی موجود تھے۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادکشمیر تعلیم و تربیت اور مختلف شعبہ جات کی ترقی کیلئے پاکستان انڈوومنٹ فنڈ کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے سکالر شپس دیں گے تاکہ مالی مشکلات کیوجہ سے ان کی تعلیم پر حرج نہ آئے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارتوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرینگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں مختلف سیکٹرز میں موجود پوٹینشل سے استفادہ کرتے کر کے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے افراد کی ”Success سٹوریز” اور تجربات کو نوجوانوں تک پہنچایا جائے تاکہ نوجوانوں کو عملی رہنمائی مل سکے اور وہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں اس سلسلہ میں حکومت انکی بھرپور معاونت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، معیاری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے اور ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے لیے وفاقی وزارت پیشہ وارانہ تربیت کا تعاون ہمارے لیے انتہائی اہم ہے۔
- *****
