اسلام آباد ( ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت نسل نو کی کردارسازی میں مسجد اور علماء کے کردار کے حوالے سے اجلاس
منعقد ہوا۔ اجلاس میں علماء کرام نے تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور فہم القرآن کی تدریس کو سراہا اور وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ قرآن کی تعلیم اور نئی نسل کی کردارسازی کے لیے حکومت کے اقدامات کی بھرپور حمایت اور معاونت کرینگے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ناظرہ قرآن کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے لیے اس عمل کو مؤثر اور بارآور بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں طلبہ کی کردار سازی کے لیے مربوط حکمت عملی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ طلبہ کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت ایک مہذب، باشعور اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ تعلیم کا مقصد صرف حصولِ علم نہیں بلکہ نوجوان نسل میں حسنِ اخلاق، نظم و ضبط، رواداری اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرنا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اساتذہ کرام، علماء اور والدین کا کردار نہایت اہم ہے۔ نئی نسل کی کردار سازی کے عمل میں مشائخِ عظام اور علماء کرام سے مشاورت اور رہنمائی لی جائیگی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کی علمی ترقی کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کیلئے اقدامات کیے جائینگے۔اجلاس میں صدر اتحاد تنظیمات مدارس آزادکشمیر مولانا سعید یوسف،کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین محمود احمد، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری تعلیم سکولز عنایت علی، ترجمان اتحاد تنظیمات مدارس آزادکشمیر سید عدنان علی شاہ، رابطتہ المدارس آزادکشمیر قاضی شاہد حمید، وفاق المدارس السلفیہ آزادکشمیر مولانا عتیق الرحمن، تنظیم المدارس آزادکشمیر مولانا عبدالرؤف نظامی ,تنظیم المدارس آزادکشمیر عابد حسین چشتی، رابطتہ المدارس آزادکشمیر قاضی محمد اسرائیل و دیگر نے شرکت کی۔
