پشاور (ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے پشاور کا دورہ کریں گے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت سینئر وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو گورنر ہاؤس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم کو دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع کی صورتحال اور ان اضلاع میں جاری اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران مشیران اور قبائلی عمائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر اہم مشاورت متوقع ہے۔
