امریکہ نے ایران کو فوجی کارروائی کی دھمکیوں کے ساتھ ساتھ مذاکرات کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں بھی تیز کردی ہیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی کو خط ارسال کیا ہے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق خط میں ایران کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے اور بڑے پیمانے پر جنگی کارروائیوں کی بحالی روکنے کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکام سمجھتے ہیں کہ ایران کی سخت گیر قیادت کے ساتھ براہِ راست رابطے سے زیادہ قابلِ اعتماد اور دیرپا سفارتی نتائج حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
اخبار کے مطابق جے ڈی وینس اس امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان ایسی سفارتی بنیاد قائم کی جاسکے جس کے ذریعے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر امریکہ کے ممکنہ مختصر لیکن شدید فوجی حملے کو روکا جاسکے۔
امریکی کوششوں کا مقصد ایران کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کے امکانات تلاش کرنا اور خطے میں بڑے پیمانے پر دوبارہ جنگی کارروائیوں کے خدشات کم کرنا ہے۔
