نوابزادہ شاہزین بگٹی کی کلپر ہاؤس سکھر آمد، تعزیت کے ساتھ اہم سیاسی امور پر بھی تبادلۂ خیال
سکھر (ڈسٹرکٹ نیوز) — نوابزادہ شاہزین بگٹی نے سکھر میں کلپر ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف کلپر وڈیرا جلال خان کلپر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم خلیل الرحمٰن کلپر کی فاتحہ خوانی کی، ان کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان بلوچستان، بالخصوص ضلع ڈیرہ بگٹی کی موجودہ سیاسی صورتحال، علاقائی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بھی مختصر مگر اہم تبادلۂ خیال ہوا۔ اس موقع پر باہمی روابط، مشاورت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
نوابزادہ شاہزین بگٹی کی کلپر ہاؤس آمد کو سیاسی اور سماجی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں تعزیت کے ساتھ ساتھ خطے کی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
