نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں غزہ کی صورتحال، علاقائی و عالمی معاملات اور اسلامی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران فلسطین اور غزہ میں جاری صورتحال بھی زیر بحث آئی، جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ٹیلی فونک رابطے میں عراق میں 17 اور 18 اکتوبر کو ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے اور حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ روابط مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
