اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں اور مبینہ ہراساں کرنے کے کیس میں ایس ایس پی آپریشنز کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے لانگ مارچ اور احتجاج کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر مبینہ چھاپوں اور ہراساں کیے جانے کے خلاف درخواست پر ایس ایس پی آپریشنز کو 24 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے ملک عامر اور دیگر کی درخواست پر احکامات جاری کیے۔ عدالتی حکم کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی چھاپے مارے جارہے ہیں اور بغیر قانونی اختیار کے کسی کے گھر میں کارروائی نہیں کی جاسکتی۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ اسلام آباد پولیس کو گھروں کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال رکھنے اور مبینہ ہراساں کرنے سے روکا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین سمیت دیگر افراد کی جانب سے بھی چھاپوں اور ہراساں کیے جانے کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔
