پاکستانی فضائی حدود میں داخل 8 ڈرونز مار گرائے گئے، سیکیورٹی ذرائع
پشاور: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود میں افغانستان کی جانب سے داخل ہونے والے 8 ڈرونز کو پاک فوج کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح آٹھ ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت شناخت کرکے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چار ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں جبکہ دیگر چار کوہاٹ کے قریب سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج اور پاک فضائیہ کے فضائی دفاعی نظام نے ڈرونز کو ان کے مبینہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی مبینہ معاونت اور سرحد پار سرگرمیوں سے متعلق خدشات کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر فضائی نگرانی اور دفاعی نظام مسلسل فعال ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے نگرانی جاری رکھی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ رات کرم سیکٹر میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور افغان طالبان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق کارروائی افغان جانب سے مبینہ اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرائے گئے ڈرونز کا ملبہ تحویل میں لیا جا رہا ہے، جبکہ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ دنوں میں سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر سیکیورٹی سے متعلق مختلف الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
