ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے غزہ میں جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر شیئر کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لیے اپنی آواز بلند کی ہے۔
انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر گوگل ارتھ کی جنگ سے پہلے اور بعد کی تصاویر جاری کیں، جن میں رفح، خان یونس اور غزہ سٹی کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی دکھائی گئی ہے۔
اداکارہ کے مطابق تصاویر میں کئی علاقوں کے مکمل طور پر تباہ ہونے، گھروں، اسکولوں، جامعات، اسپتالوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو دیکھا جاسکتا ہے۔
انجلینا جولی نے اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جون تک غزہ کی 82 فیصد عمارتیں متاثر ہوچکی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر تباہی کی شدت تو ظاہر کرسکتی ہیں، تاہم متاثرہ خاندانوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تکلیف اور مشکلات کی مکمل عکاسی نہیں کرسکتیں۔
