تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اور عراق اپنے مستقبل کے فیصلے کسی بھی غیر ملکی طاقت کو کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اور عراق نے امریکا اور دیگر مغربی طاقتوں کی جانب سے اپنے مستقبل پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری سیاسی اور سکیورٹی تعاون کو اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔
محمد باقر قالیباف کے مطابق ایران اور عراق کے تعلقات مشترکہ جغرافیہ، تاریخ اور مذہبی وابستگیوں پر قائم ہیں، جبکہ دونوں ممالک کا یہ مشترکہ مؤقف کہ ان کا مستقبل بیرونی طاقتیں طے نہ کریں، باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کر رہا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخ میں ایسے ملکوں کے طور پر یاد رکھے جائیں گے جنہوں نے اپنی تقدیر دوسروں کے ہاتھ میں دینے سے انکار کیا اور اپنے مستقبل کے فیصلے مغربی دارالحکومتوں پر نہیں چھوڑے۔
