ڈسکہ، سیالکوٹ (بیورو چیف رانا اعظم کی رپورٹ)
چیئرمین گلف ہوم پراپرٹیز چوہدری محمد اشفاق چیمہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بیرون ملک تعلیم، ملازمت اور سرمایہ کاری کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کے لیے سی سی ڈی کی طرز پر ایک ادارہ قائم کیا جائے، جو فوری انکوائری کرکے متاثرین کو جلد انصاف فراہم کر سکے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد اشفاق چیمہ نے کہا کہ والدین اور سرمایہ کاروں کو بیرون ملک تعلیم، علاج یا سرمایہ کاری کے لیے صرف قابل اعتماد اور مستند اداروں کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں۔ ان کے مطابق لائبہ کی موت نے نہ صرف نظام پر سوالات اٹھائے ہیں بلکہ والدین اور سرمایہ کاروں کو بھی مزید محتاط رہنے کی ضرورت کا احساس دلایا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ دستاویزات اور دیگر کارروائی کے ذریعے طالبہ اور اس کے خاندان کو دھوکے میں رکھا گیا، جس کا نتیجہ بچی کی موت کی صورت میں سامنے آیا۔
چوہدری محمد اشفاق چیمہ نے کہا کہ گلف ہوم نے سرمایہ کاری کے لیے شفاف اور قابل اعتماد طریقہ کار اختیار کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلال رزق محنت سے کمایا جاتا ہے، اس لیے اسے دھوکہ بازوں اور فراڈیوں کے حوالے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
