کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے مدد کو پہنچنے والے نوجوان حکمت اللہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان کی بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے اسے خراج تحسین پیش کیا۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے حکمت اللہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہیں حکمت اللہ جیسے نوجوانوں پر فخر ہے، جو مشکل حالات میں انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں اور صوبے کے لیے قابل تقلید مثال قائم کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز عوام کے تحفظ اور روشن مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ حادثے کے مقام پر نوجوانوں کا لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے آگے آنا بلوچستان کے عوام کی اپنی سیکیورٹی فورسز سے محبت کا عملی ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والوں کو دیکھنا چاہیے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز سے گہری محبت رکھتے ہیں اور ہر جگہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
