حکومت اور دھرنا کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ، شہدا کی نماز جنازہ 4 بجے ادا کی جائیگی۔
***************
کوئٹہ ( ڈسٹرکٹ نیوز )
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مفاہمتی کوششیں کامیاب ہو گئیں، حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہو گئے، جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان ایک جامع تحریری معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے میں شہدائے زیارت کے لواحقین کے مطالبات، امن و امان کی بہتری اور عوامی تحفظات کے ازالے سے متعلق متعدد اہم فیصلوں پر اتفاق کیا گیا۔
مذاکرات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شہدائے زیارت کے المناک واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی سربراہی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں اور شہداء کے لواحقین کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔
تحریری معاہدے کے مطابق بلوچستان کے شہری علاقوں میں پولیس فورس کی استعداد، افرادی قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ شہدائے زیارت کو مروجہ پالیسی کے تحت شہید قرار دیا جائے گا، جبکہ ان کے اہلِ خانہ کی کفالت، بچوں کی تعلیم اور مالی معاوضے سمیت تمام سہولیات سرکاری پالیسی کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سرکاری عمارات ان کے نام سے منسوب کی جائیں گی۔
عوامی سطح پر ریونیو سے متعلق موجود تحفظات کے ازالے کے لیے وزیر ریونیو کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے پر بھی اتفاق ہوا، جس میں متعلقہ سرکاری افسران کے ساتھ علاقے کے معتبرین کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ مسائل کا باہمی مشاورت سے دیرپا حل نکالا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ “شہداء ہمیں بے حد عزیز ہیں، ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال حکومت بلوچستان کی ذمہ داری ہے۔” انہوں نے کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور قوم ان بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان شہداء کے خاندانوں کی مکمل سرپرستی، عوامی اعتماد کی بحالی اور صوبے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔
ڈسٹرکٹ نیوز
“ہر ضلع کی آواز”
