سیاسی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ بامقصد مذاکرات ضروری ہیں، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی مسائل کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ بامقصد مذاکرات ہونے چاہییں، کیونکہ سیاسی معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے جانے چاہییں اور سیاسی مسائل حل کرنے کے لیے بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کی آڑ میں سیاسی مخالفین ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق تمام تفصیلات پارلیمانی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، جس میں سینیٹرز اور ارکانِ پارلیمنٹ شرکت کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر عائد پابندی ختم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کی بندش کو 375 دن ہو چکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے اور اہلِ خانہ سے ملاقات نہ کروانے کو غیر انسانی سلوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ملاقاتیں باقاعدگی سے ہوتیں تو حالات بہتر ہو سکتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملاقاتوں کی بندش سے سیاسی معاملات مزید پیچیدہ ہوئے ہیں اور ملک میں سیاسی کشیدگی اور سیاسی انتقام میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
