اسلام گڑھ (نامہ نگار)
صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) حلقہ سماہنی ریٹائرڈ صوبیدار راجہ خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وطن عزیز اور اپنے پیاروں سے دور رہ کر بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جس بے لوث انداز میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، وہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ تارکین وطن نے ہمیشہ اپنی محبت اور خلوص کا اظہار کیا ہے، جس کا ہم دل سے احترام کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ برطانیہ کے دوران تارکین وطن کے رہنما راجہ جیب، کونسلر پیٹربرو راجہ سبیل، ماسٹر فضل داد، راجہ راسب اور دیگر شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا۔
راجہ خالد محمود خان نے کہا کہ تارکین وطن ملک و قوم کی عزت میں اضافے کے ساتھ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی خدمات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری پاکستان اور آزاد کشمیر کو ترقی یافتہ دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری اپنی محنت، لگن اور قابلیت سے نہ صرف ملک کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ اپنی زندگیوں میں بھی کامیابی کے نئے سنگ میل عبور کر رہے ہیں، جو قابلِ فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی لیے حکومت ان کے مسائل حل کرنے اور انہیں مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
راجہ خالد محمود خان نے تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ اپنے آبائی علاقوں کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں، تاکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک و قوم کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
