کراچی: سندھ حکومت کی کارکردگی سے مایوس شہریوں نے صوبے میں انتظامی تبدیلیوں اور نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اسے عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں کے شہریوں کا کہنا ہے کہ صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے بہتر انتظامی نظام ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر قابو پانے اور بنیادی ضروریات عوام تک پہنچانے کے لیے نئے صوبوں کے قیام پر غور کیا جانا چاہیے۔
کراچی کے شہریوں نے شہر میں بنیادی سہولیات کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے لیے سولر سسٹم، پانی کے حصول کے لیے ٹینکر اور گیس کے لیے سلنڈر استعمال کرنا پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے حالات دیکھ کر محسوس ہوتا ہے جیسے کراچی کرایے پر چل رہا ہو۔
شہریوں کے مطابق کراچی کی رونقیں بحال کرنے اور بڑھتی آبادی کے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سڑکوں کی خستہ حالی پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ کھلے گٹروں میں گرنے کے باعث بچے جان سے جا رہے ہیں، جو انتظامی مسائل کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافے کے پیش نظر نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے اور وہ سندھ حکومت کی موجودہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔
شہریوں نے یہ بھی کہا کہ مسیحی برادری نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے تمام شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں اور بنیادی سہولیات لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
