سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 42 ہزار 36 روپے کا ہوگیا
کراچی: عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ چاندی بھی مہنگی ہوگئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 195 ڈالر ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھے گئے، جہاں فی تولہ سونا 1 ہزار 100 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 42 ہزار 36 روپے پر پہنچ گیا۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 943 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 974 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 43 سینٹس بڑھ کر 60 ڈالر 77 سینٹس ہوگئی۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 43 روپے اضافے سے 6 ہزار 555 روپے، جبکہ فی 10 گرام چاندی 37 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 619 روپے کی سطح پر آگئی۔
