نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ صومالیہ میں ہائی جیک ہونے والے جہاز ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے باقی 3 ارکان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کو بازیاب کرانے کے بعد جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کے ہمراہ عدیس ابابا پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں پاکستانی ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی جانے والی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ ہوں گے اور ان کی وطن واپسی 7 اکتوبر کو متوقع ہے۔
پاکستان نے عملے کی رہائی میں تعاون پر صومالی حکومت اور یورپی یونین نیول فورس کی آپریشن اٹلانٹا ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان بحری قزاقی کے خلاف کارروائی اور عالمی بحری راستوں کی سلامتی و آزادی کے لیے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
