گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی یارک ٹول پلازہ سے واپسی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور مشکل حالات میں کارکنوں کو آگے کرتے اور خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
گورنر کے مطابق یارک ٹول پلازہ سے واپسی کے دوران علی امین گنڈاپور کارکنوں کو دفعہ 144 کے نفاذ کی وجہ بتا رہے تھے، تاہم ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن میں پابندی ڈی آئی خان کے مخصوص علاقوں اور اوقات تک محدود تھی۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت پر اپنے کارکنوں کو گمراہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں چلانے والا ہی بھگوڑا ہے۔
گورنر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’ناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے۔‘‘
