لاہور کی اسکائی لائن پر پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی اسکرین نصب
لاہور: سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) نے لاہور کے شہری منظرنامے میں ایک منفرد اضافہ کرتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی تھری ڈی ڈیجیٹل اسکرین ’دی بگ ون‘ نصب کردی ہے۔
سی بی ڈی ورٹیکس پر نصب اس جدید ڈیجیٹل اسکرین کا حجم 122 بائی 70 فٹ ہے، جسے پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل کینوس قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پر تصاویر، ویڈیوز اور جدید تھری ڈی اینیمیشنز بڑی اسکرین پر دکھائی جا سکیں گی۔
سی بی ڈی پنجاب کے مطابق ’دی بگ ون‘ کو دنیا کے معروف ڈیجیٹل کمرشل مراکز میں شامل نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کی طرز پر تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی برانڈز کو اپنی مصنوعات اور تشہیری مہمات بڑے اور منفرد انداز میں پیش کرنے کے لیے جدید پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے ’دی بگ ون‘ کی تنصیب کو ٹیکنالوجی اور جدت کے سفر میں ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی بی ڈی پنجاب پہلے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور پہلے آئی ٹی سٹی کے منصوبوں کے بعد جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک اور منفرد منصوبہ سامنے لایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’دی بگ ون‘ بڑے کاروباری اداروں اور برانڈز کو اپنی شناخت، مصنوعات اور تخلیقی مواد لاکھوں افراد کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
عمران امین کے مطابق یہ اسکرین بنیادی طور پر کمرشل ایڈورٹائزنگ کے لیے استعمال ہوگی اور اس کے ذریعے لاہور کے ڈیجیٹل منظرنامے کو ایک نئی جہت ملے گی۔
سی بی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ ’دی بگ ون‘ میں استعمال ہونے والی جدید تھری ڈی اینامورفک ٹیکنالوجی شہری تشہیر کے روایتی انداز سے مختلف تجربہ فراہم کرے گی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے اسکرین پر دکھائے جانے والے مناظر کو زیادہ گہرائی اور حقیقت سے قریب تر انداز میں پیش کیا جاسکے گا۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے لاہور کی جدید، کاروباری اور ٹیکنالوجی پر مبنی شناخت مزید نمایاں ہوگی، جبکہ شہر میں ڈیجیٹل آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم بھی دستیاب ہوگا۔
