…
لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران خواتین سے زیادتی کے 6 مقدمات، 2 کم عمر لڑکیوں سے
زیادتی کی کوششیں بھی رپورٹ
لاہور( ڈسٹرکٹ نیوز )صوبائی دارالحکومت لاہور میں خواتین اور کم عمر لڑکیوں کے خلاف مبینہ جنسی جرائم کے متعدد واقعات نے شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے۔
پولیس رپورٹس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خواتین سے مبینہ زیادتی کے 6 مقدمات جبکہ 2 کم عمر لڑکیوں سے زیادتی کی کوششوں کے مقدمات درج کیے گئے۔
کاہنہ میں پولیس کے مطابق دو افراد نے مبینہ طور پر ملازمت کا جھانسہ دے کر ایک شادی شدہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر اس کی ویڈیو بھی بنائی۔
نشتر کالونی میں ایک شخص پر جھوٹا نکاح کرکے خاتون سے زیادتی کا الزام عائد کیا گیا، جبکہ کوٹ لکھپت میں سابق شوہر کے خلاف سابق اہلیہ سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا۔
نواب ٹاؤن میں ایک ملزم پر شادی کا جھانسہ دے کر طویل عرصے تک خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے، جبکہ ہنجروال اور شاہدرہ ٹاؤن میں بھی خواتین سے مبینہ زیادتی کے مقدمات درج کیے گئے۔
دوسری جانب ملت پارک میں 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش جبکہ باغبانپورہ میں 16 سالہ ذہنی معذور لڑکی سے زیادتی کی کوشش کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
متعلقہ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین کی درخواستوں پر مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ایک ہی دن میں لاہور کے مختلف علاقوں سے سامنے آنے والے یہ واقعات شہریوں، بالخصوص خواتین اور کم عمر لڑکیوں کے تحفظ کے لیے پولیس کے موجودہ حفاظتی نظام اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کرتے ہیں۔
