لورالائی (ڈسٹرکٹ نیوز): ضلع لورالائی میں امن و امان کی مضبوطی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ کی زیرِ صدارت آل پارٹیز، انجمن تاجران، سول سوسائٹی، قبائلی عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد اور دیگر پولیس افسران نے شرکاء کو حالیہ سیکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ لورالائی کے امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے پولیس، لیویز اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام میں احساسِ تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسے مشاورتی اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے تاکہ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ضلع میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ نیوز — لوکل سے گلوبل تک