لورالائی (میاں محمد عامر بشیر آرائیں)
لورالائی کے ای پی آئی ہال میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے زیرِ اہتمام ڈی ڈی ایم کارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس میں یونین کونسل مانیٹرنگ افسران (یو سی ایم اوز) اور محکمہ صحت کے متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
تربیتی سیشن کا مقصد ڈی ڈی ایم کارڈ کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کے عمل سے متعلق عملے کی استعدادِ کار بڑھانا اور انہیں ضروری معلومات کے ساتھ عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
سیشن کے دوران عالمی ادارۂ صحت سے وابستہ وفاقی سطح کے نمائندوں فیصل عامر، فضل محمد اور قیام خان، جبکہ ضلع لورالائی کے ڈسٹرکٹ سرویلنس آفیسر عزت اللہ نے شرکاء کو ڈی ڈی ایم کارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ ماہرین نے ڈیجیٹلائزیشن کے طریقۂ کار، معلومات کے اندراج اور مقررہ اصولوں کے مطابق عمل مکمل کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لورالائی ڈاکٹر فہیم خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے تربیتی سیشن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے محکمہ صحت کے افسران اور ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کو ہدایت کی کہ وہ ڈی ڈی ایم کارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کو سنجیدگی سے لیں اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق مکمل کریں۔
ڈاکٹر فہیم خان نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل نظام کو مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کی تربیت، درست معلومات کا اندراج اور ذمہ داری سے فرائض کی انجام دہی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں غفلت اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے تاکہ مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔
تربیتی سیشن میں شریک افسران اور یو سی ایم اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کو اپنے عملی فرائض میں استعمال کریں اور متعلقہ ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانے کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس تربیتی سرگرمی کو محکمہ صحت کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنے اور معلومات کو بہتر انداز میں منظم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔ ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت کے باہمی تعاون سے منعقدہ اس سیشن کا مقصد عملے کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مؤثر، منظم اور بروقت مکمل کرنے میں مدد دینا تھا۔
