ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانس کے صدر ایمانویل میکرون کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، علاقائی امن اور دوطرفہ تعاون سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران عالمی بحری تجارت اور بین الاقوامی سمندری راستوں کی سلامتی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جہاز رانی کی محفوظ اور بلا رکاوٹ نقل و حرکت عالمی معیشت اور علاقائی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ٹیلی فونک رابطے میں سعودی عرب اور فرانس کے باہمی تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ اقتصادی، سیاسی اور دیگر شعبوں میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینے اور نئی شراکت داری کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
