ریاض: سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملوں کے بعد عراق میں موجود ایران نواز ملیشیاؤں کے مبینہ ٹھکانوں کے خلاف جوابی کارروائی کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے تعاون اور رابطے کے ساتھ انجام دی گئی۔
سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی مسلح افواج نے عراق میں ایسے اہداف کو نشانہ بنایا جنہیں مملکت کی اہم تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں سے منسلک عناصر کے ٹھکانے قرار دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی رائل ایئر فورس نے عراق کے بصرہ، واسط، کربلا اور نینوی کے علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ عراق میں سرگرم ایران نواز ملیشیائیں مسلسل سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں میں ملوث رہی ہیں، جس کے جواب میں یہ اقدام اٹھایا گیا۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق اس کارروائی کا مقصد قومی سلامتی، توانائی کے اہم انفراسٹرکچر اور ملکی اقتصادی مفادات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اس خبر پر عراق، ایران یا متعلقہ گروہوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔