سرمایہ کاری کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، وزیراعظم ازاد کشمیر افتخار گیلانی سے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سربراہ کی ملاقات
مظفرآباد( ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی سے نو تعینات چیئرمین انوسٹمنٹ بورڈ چوہدری رضوان انور نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ سرمایہ کاری کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات، آبی وسائل اور دیگر معاشی امکانات کے حوالے سے نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں اور آزاد خطہ کی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ چیئرمین انوسٹمنٹ بورڈ چوہدری رضوان انور نے وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے چوہدری رضوان انور کو بطورچیئرمین انوسٹمنٹ بورڈ تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی دیا۔