ڈیرہ اسماعیل خان (ڈسٹرکٹ نیوز): مغل کوٹ کے علاقے میں مسلح ملزمان نے زیرِ تعمیر عمارت کی جانب جانے والے دو افراد کو روک کر لوٹ لیا، جبکہ انجینئر کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔
رپورٹ کے مطابق کرک کے رہائشی احمد اقبال نے تھانہ مغل کوٹ میں درخواست دی کہ وہ انجینئر اعجاز کے ہمراہ موٹرسائیکل پر امن میلہ چیک پوسٹ سے مغل کوٹ میں زیرِ تعمیر عمارت کی طرف جا رہے تھے۔
ژوب روڈ پر دبئی ہوٹل کے قریب پہنچنے پر 3 سے 4 مسلح افراد نے انہیں روک لیا۔ ملزمان کے پاس پستول اور کلاشنکوفیں موجود تھیں۔ مسلح افراد نے احمد اقبال سے 7 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔
ملزمان نے انجینئر اعجاز سے بھی موبائل فون اور ڈرون کیمرہ چھیننے کے بعد اسے اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا اور اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان اور مغوی انجینئر کی تلاش شروع کردی ہے
