کراچی: پاکستانی اداکار منیب بٹ نے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھریلو مسائل سوشل میڈیا پر لانے کے بجائے باہمی گفتگو اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔
منیب بٹ حال ہی میں پروگرام ’’گپ شب‘‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ازدواجی زندگی اور میاں بیوی کے درمیان اختلافات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کو اپنے مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں۔ اگر اختلافات شدت اختیار کرجائیں تو دونوں خاندانوں کے بزرگوں کی مدد بھی لی جاسکتی ہے، تاکہ معاملات کو سمجھ داری اور باہمی احترام کے ساتھ سلجھایا جاسکے۔
ان کے مطابق، گھریلو معاملات کو سوشل میڈیا پر عام کرنے کے بجائے نجی طور پر حل کرنے کی کوشش کرنا زیادہ مناسب ہے۔ پروگرام میں ان کے اس مؤقف کو ازدواجی زندگی میں باہمی سمجھ بوجھ اور ذمہ دارانہ رویے کی اہمیت کے تناظر میں پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ منیب بٹ کی شادی اداکارہ ایمن خان سے 2018 میں ہوئی تھی اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔
