کراچی: میر رضا کی موت کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے تفتیشی افسر کے بیان سے قبل جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
جسٹس عمر سیال نے میر رضا کی لاش ملنے کی جگہ اور متعلقہ گیسٹ ہاؤس کا معائنہ کیا۔
کمیشن نے سندھ حکومت کے فوکل پرسن کو انتظامات مکمل کرنے جبکہ تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری اور میر رضا کے اہلخانہ کو بھی جائے وقوعہ پر موجود رہنے کی ہدایت کی تھی۔
جوڈیشل کمیشن کے مطابق جائے وقوعہ کا معائنہ حتمی رپورٹ میں سفارشات مرتب کرنے کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
کمیشن کے مطابق ڈی ایس پی سراج لاشاری اور سی پی ایل سی نمائندے کاشف کا بیان 7 اکتوبر کو ریکارڈ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ مشکوک گاڑیوں سے متعلق صحافیوں کو 6 اکتوبر کو بریفنگ کے لیے طلب کیا گیا ہے
