اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کی مالی معاونت، فنی استعداد میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سمیڈا کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری افراد کو مالی معاونت و دیگر سہولیات کی فراہمی سے متعلق اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا ملک کے مختلف علاقوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور صنعتوں کی معاونت کے لیے جامع منصوبہ تیار کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سمیڈا کے بنیادی مقاصد میں ملک کے تمام حصوں میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور یکساں سہولیات و فنی معاونت کی فراہمی شامل ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے خواتین کی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں شمولیت بڑھانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرامز کو مزید وسعت دینے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کاروباری افراد کو سہولیات فراہم کرنے اور ان کی استعداد کار بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا۔
