پی ٹی آئی کا 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا مشاورتی اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہوا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کی۔ اجلاس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، وزرا، مشیران اور پارٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس آن لائن منعقد کیا گیا، جس میں بعض ارکان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 4 اکتوبر کو شیڈول لانگ مارچ کے انعقاد یا اسے مؤخر کرنے کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کی تیاریوں میں بعض ارکان کی عدم دلچسپی پر اظہار ناراضی کیا۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگی اور لانگ مارچ کو پرامن رکھا جائے گا۔
اجلاس میں بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی، تاہم وزیراعلیٰ نے اسے مسترد کرتے ہوئے 4 اکتوبر کے پروگرام کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
سہیل آفریدی نے ارکان کو ہدایت کی کہ کارکنوں میں مایوسی پیدا نہ کی جائے اور لانگ مارچ کے لیے تیاریوں کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو پرامن احتجاج کے لیے منظم کیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پارٹی عہدیداروں نے بھی 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے فیصلے کو برقرار رکھنے کی حمایت کی۔ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے بیرون ملک موجود ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کو پاکستان واپس پہنچنے کی ہدایت کی۔
جنید اکبر نے اجلاس میں کہا کہ 4 اکتوبر کو ملک میں موجود نہ ہونے والے ایم پی ایز، ایم این ایز یا پارٹی قائدین کے حوالے سے پارٹی سطح پر کارروائی کی جائے گی اور ان کے سیاسی وابستگی سے متعلق بھی سوال اٹھایا جائے گا۔
